
غزہ : اسرائیل نے غزہ میں اپنا کنٹرول مزید بڑھاتے ہوئے زرد کنکریٹ رکاوٹیں علاقے کے اندر مزید آگے منتقل کردی ہیں۔ جس سے فلسطینیوں کو بےگھر کرنے کی نئی لہر شروع ہوگئی ہے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ زرد کنکریٹ رکاوٹیں غزہ کے اندر مزید مغرب کی جانب منتقل کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ سٹی کے مشرق میں صلاح الدین روڈ کے قریب تازہ پیش قدمی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد حماس پر دباؤ بڑھانا اور اسرائیلی فوج کے لیے مزید وسیع حفاظتی زون قائم کرنا ہے۔ نئے قبضہ شدہ علاقوں کو نام نہاد "ییلو زونز” کا حصہ بنایا جائے گا۔ مقامی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ رکاوٹیں بے گھر خاندانوں کی پناہ گاہوں کے قریب منتقل کرنے سے متعدد خاندان دوبارہ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ رہائشیوں کے مطابق متاثرہ علاقے شجاعیہ اور زیتون کی طرح حملوں کے خطرے سے دوچار ہو گئے ہیں، جس کے باعث شہری اپنی جانیں بچانے کے لیے علاقے چھوڑ رہے ہیں۔


































