
اقتباس |والدین کے حقوق (حصہ ششم)
ماں باپ کا احترام جہاد سے افضل
ہر با شعور آدمی پر واضح ہے کہ اسلام نے والدین کے لیے جو مقام و منزلت عطا کیا ہے کوئی اور نظام یا معاشرہ اتنی عظمت اور احترام کا قائل نہیں ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسلام میں تمام کاموں سے افضل اور سنگین کام جہاد فی سبیل اللہ کو قرار دیا گیا ہے ۔
روایات معصومین علیہم السلام کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ جہاد فی سبیل اللہ سے والدین کا احترام افضل ہے۔
ان مطالب کو ثابت کرنے کے لیے پیغمبر صلىاللهعليهوآلهوسلم کا یہ قول کافی ہے:
کسی شخص کو پیغمبر اکرم صلىاللهعليهوآلهوسلم کی خدمت میں آنے کا شرف حاصل ہوا، (کہا : یا رسول اللہ ) میں ایک طاقتور جوان ہوں اور جہاد میں جانا چاہتا ہوں لیکن میری ماں زندہ ہے وہ اس کو پسند نہیں کرتی (اس وقت ) پیغمبر اکرم صلىاللهعليهوآلهوسلم نے فرمایا تو اپنی والدہ کے پاس پلٹ جاؤ چونکہ اس ذات کی قسم کہ جس نے مجھے مبعوث کیا کہ ماں کا تم سے ایک رات مانوس ہونا جہاد سے افضل ہے۔ لہذا ماں باپ کے ساتھ نیکی کرنا تلوار کے ساتھ راہ خدا میں جنگ کرنے سے افضل ہے۔
مذکورہ روایت سے والدین کی عظمت اور مقام کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ خدا کی نظر میں والدین کتنے عزیز ہیں۔


































