
کیف : یوکرین میں محصور پاکستانی شہری ریسکیو ہونے لگے۔ سفارتخانے نے 137 طلبا اور 12 خاندانوں کو جنگ زدہ مقام سے نکال لیا۔ 62 پاکستانیوں کو پولینڈ منتقل کردیا گیا۔ ان میں سفارتی عملہ کے 21 اہل خانہ اور 41 طلبا شامل ہیں۔ کیف میں پاکستانی سفیر نویل اسرائیل کھوکھر نے بتایا کہ 59 افراد پولینڈ کی سرحد پر موجود ہیں۔ جبکہ 79 افراد جلد ہی پہنچ جائیں گے۔ 79 افراد میں 67 طلبا شامل ہیں۔ سفارتی عملے کے 12 اہل خانہ یوکرائن رومانیہ سرحد کی جانب سفر کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ خارکیوو سے 104 طالب علم ٹرین کے ذریعہ آ رہے ہیں۔ خئیوو سے 20 طالب علموں کا بسوں کے ذریعے انخلاء کیا جا رہا ہے۔ یوکرین میں موجود تمام پاکستانی طلباء محفوظ ہیں۔ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے فلائٹ آپریشن کا آغاز ہوگا پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پرواز کی تیاری کی جارہی ہے۔ طالبعلموں کے پولینڈ پہنچتے ہی فضائی آپریشن کا آغاز کردیں گے۔


































