
برسلز: یورپی ممالک نے اسرائیل کے سزائے موت کے متنازع بل پر شدید تشویش کا اظہار کر دیا۔ یورپی ممالک نے کہا ہے کہ یہ قانون فلسطینیوں کے خلاف امتیازی ہو سکتا ہے۔ فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے مجوزہ سزائے موت کے بل پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
جرمن دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بل کی نوعیت امتیازی ہو سکتی ہے جو خاص طور پر فلسطینیوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ یورپی ممالک نے خبردار کیا کہ اس قانون کی منظوری اسرائیل کے جمہوری اصولوں سے متعلق وعدوں کو کمزور کر سکتی ہے۔ کونسل آف یورپ کے سربراہ الین بیرسے نے بھی اسرائیل سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قانون کو ترک کرے ان کا کہنا تھا کہ سزائے موت کی ہر جگہ اور ہر حالت میں مخالفت کی جاتی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت اس بل کو کنیسٹ میں دوسری اور تیسری ریڈنگ کے لیے پیش کرنے جا رہی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں اسے عدالت میں چیلنج کیے جانے کا امکان ہے اور معاملہ سپریم کورٹ تک جا سکتا ہے۔


































