
برسلز: یورپی یونین نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کر دیا اور جنگ میں شمولیت کے امکان کو مسترد کردیا۔
یورپی یونین کے ستائیس ممالک کے سربراہان نے برسلز میں اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ جس میں ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ بیان میں کہا گیاہےکہ یورپ اپنی سیکیورٹی کے لیے سفارتی، قانونی اور مالی وسائل استعمال کرے گا۔ بیان میں شہری ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا گیاہےکہ جاری جنگ کے عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اعلامیے میں ایران سے خلیجی ممالک پر حملے روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا اور ممکنہ مہاجر بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون پر زور دیا گیا۔ یورپی ممالک نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی یقینی بنانے کے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ یورپی رہنماؤں نے ایران پر سخت تنقید کی، تاہم کسی نے فوری طور پر امریکا کی فوجی مہم میں شامل ہونے کی پیشکش نہیں کی۔


































