
برسلز: یورپین یونین نے روس پر نئی سخت پابندیوں اور اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے برسلز میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ نئی پابندیوں کے تحت روس کیلئے تمام یورپین فضائی حدود بند کردی گئی ہیں۔روس سے تعلق رکھنے والا جہاز نہ یورپ میں آسکے گا اور نہ یہاں سے پرواز کرسکے گا، اس میں چارٹرڈ فلائٹس بھی شامل ہوں گی۔ یورپ کے تمام بینکوں میں موجود روسی سرمایہ کاروں کے اثاثوں پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔ روس سے تعلق رکھنے والے میڈیا کو بھی یورپ میں فوری طور پر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یورپ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انڈر اٹیک ملک کو لڑنے کیلئے اسلحہ خرید کر بھی دے گا۔ یورپین کمیشن نے اس کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ روس کے علاوہ اس کے موقف کی تائید کرنے پر بیلاروس کو بھی سخت ترین پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔


































