
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ دشمن ایران کیخلاف اپنے مذموم عزائم کے طور پر تقسیم کے بیج بونے اور لوگوں میں بداعتمادی کو ہوا دینے پر تلے ہوئے ہیں۔ آٹھ فروری بہمن کے تاریخ ساز واقعے کے موقع پر بیعت کے لیے آنے والے فضائیہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ولی امر مسلمین نے کہاکہ دشمن اپنے بیانات کے برخلاف اسلامی نظام اور انقلاب کو جھکانا چاہتا ہے۔ دشمن معاشرے میں انتشار اور بداعتمادی پیدا کرکے ایران کی اسلامی اسٹیبلشمنٹ کے گھٹنے ٹیکنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اگرچہ امریکی سیاستدانوں نے اکثر اعلان کیا ہے کہ وہ ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتے، لیکن وہ نجی سیاسی حلقوں میں مل کر اسلامی انتظامیہ گرانے کے بارے میں منصوبے بناتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے اہم مراکز میں بحث یہ چل رہی ہے کہ ایران کے اسلامی نظام کو کس طرح ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اسلامی نظام کے خاتمے کی امریکی کوششوں کے علل و اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے خودمختاری اور امریکہ کو باج نہ دینے کا نعرہ بلند کیا۔ انہوں نے کہاکہ قومی اتحاد ہی دشمن کے مقابلے میں ایسی مضبوط اور بلند فصیل ہے جس نے اسلامی انقلاب کی کامیابی اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس سال 11 فروری یعنی اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں کو قومی اتحاد کا مظہر قرار دیا اور فرمایا کہ اس سال اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ عوام کی عزت و سربلندی میدان میں موجودگی، ایک دوسرے پر اعتماد اور قومی اتحاد کا مظہر ہے۔


































