
ٰ
تہران: ایرانی سکیورٹی فورسز نے جنوبی صوبے کرمان میں مملکت کے خلاف افراد کو بھرتی اور تربیت دینے والے ایک مبینہ نیٹ ورک کے پانچ ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کرمان کے پبلک پراسیکیوٹر مہدی بخشی نے کہا کہ پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس ادارے نے چار ماہ کی تحقیقات کے بعد اس نیٹ ورک کا سراغ لگایا اور اس کے ارکان کو گرفتار کیا۔ بخشی نے دعویٰ کیا کہ یہ نیٹ ورک ایک ’فرقے‘ سے وابستہ تھا، جسے ہدایات اسرائیل سے آرہی تھیں اور اس کے یورپی پارلیمنٹ کے چند ارکان سے بھی روابط تھے۔
ایرانی حکام عموماً فرقہ کی اصطلاح بہائی عقیدے کے پیروکاروں کے لیے استعمال کرتے ہیں، جن کے اسرائیل سے تعلقات ہیں۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیٹ ورک کی قیادت، بھرتی، تربیت اور تنظیمی منصوبوں سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


































