
نیویارک: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہےکہ امریکا نے جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کو 15 نکاتی منصوبہ بھیج دیا ہے۔ معاہدے میں ایٹمی پروگرام بند ۔ میزائل پروگرام معطل اور آبنائے ہرمز کھولنے کی شرائط عائد کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکا نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کی سرزمین پر کسی بھی ایٹمی مواد کی افزودگی نہ کی جائے جبکہ نطنز، اصفہان اور فردو کے جوہری پلانٹس کو ختم کیا جائے۔ ایران سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو معطل کرے اور خطے میں اپنے حمایت یافتہ گروہوں کی مدد کم کرے۔ منصوبے میں یہ بھی شامل ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھول دے تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل بحال ہو سکے۔ اس کے بدلے میں امریکا ایران پر عائد جوہری پابندیاں ختم کرنے اور اس کے سویلین جوہری پروگرام میں مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہوگا۔ امریکا نے معاہدے کا مسودہ پاکستان کے توسط سے ایران تک پہنچایا، جبکہ مصر اور ترکی جیسے ممالک بھی ثالثی کی کوششوں میں شامل ہیں۔


































