
واشنگٹن : امریکی کانگریس کے تقریباً پچاس ڈیموکریٹ ارکان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے غزہ میں اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈیموکریٹ ارکانِ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے شہریوں پر بمباری، املاک کی تباہی اور انسانی امداد کی ناکافی ترسیل جنگ بندی کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہے۔ خط میں واضح کیا گیا کہ اکتوبر میں امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی اسرائیلی اقدامات کے باعث کمزور ہو رہی ہے۔ ارکانِ ایوان نمائندگان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی انتظامیہ زیادہ سے زیادہ سفارتی دباؤ ڈالے اور ضرورت پڑنے پر امریکی امداد کو بھی بطور دباؤ استعمال کیا جائے۔


































