
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔ الیکشن کمیشن کی تجویز کے مطابق صدر مملکت نے پولنگ ڈے کے لیے اتوار کے دن کی منظوری دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔ اس سے پہلے چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن و سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔


































