
بغداد: پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق مشترکہ منصوبوں اور تعاون سے اپنے تعلقات کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عراقی صدر عبداللطیف جمال، وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی اور عراقی ہم منصب سے ملاقات کی اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیرنو میں تعاون اور زراعت میں مہارت کے اشتراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ بغداد میں پاکستانی اور عراقی تاجر برادری سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری ہماری خارجہ پالیسی کا مرکزہے۔ ہم نے تعاون کے نئے اور اختراعی خیالات کو تلاش کرنے کا عزم کیا ہے جس میں کنیکٹیویٹی، بندرگاہوں کے رابطے اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون شامل ہیں ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں طرف کی کاروباری برادریاں ان انتظامات سے فائدہ اٹھائیں گی جو ہمارے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے مطابق تجارت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ زائرین کے متعلق مفاہمت نامے کا مقصد زائرین کی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے قانونی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ عراق نے نجف میں قونصل خانہ کھولنے کی ہماری درخواست پر اتفاق کیا ہے، یہ مثبت پیش رفت دو طرفہ تعلقات کی رفتار کو مزید بلندیوں تک لے جائے گی۔


































