
تہران: ایران کی مسلح افواج نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے شاہد ڈرون کی نقل لوکاس استعمال کر کے خطے میں فالس فلیگ حملے کر رہے ہیں تاکہ ایران کو بدنام کیا جاسکے۔ ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے کہاکہ کہ میدان جنگ میں ناکامی اور ایران کے خلاف سیاسی اتحاد بنانے میں ناکامی کے بعد دشمن اب دھوکے اور فریب کے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ نقلی شاہد ڈرون استعمال کرنے کا مقصد شہری تنصیبات کو نشانہ بنا کر تہران پر الزام عائد کرنا اور خطے کے ممالک کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایران کا دفاعی نظریہ واضح قانونی اصولوں اور مضبوط منطق پر مبنی ہے اور ایران صرف اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتا ہے۔ بیان میں خطے کے ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ باہمی اعتماد، اتحاد اور تعاون کے ذریعے دشمن کی ان چالوں کو ناکام بنائیں۔ ترجمان کے مطابق حالیہ دنوں میں ترکیہ، کویت اور عراق میں دوست ممالک کی تنصیبات پر ہونے والے مشتبہ حملوں کو مغربی میڈیا نے غلط طور پر ایران سے منسوب کیا۔


































