
واشنگٹن : امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ کے مطابق ایران نے چالیس روزہ جنگ کے باوجود اپنے میزائل اور ڈرون ذخیرے کا بڑا حصہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے اندازہ لگایا ہےکہ ایران کے پاس جنگ سے پہلے کے بیلسٹک میزائلوں کا ستر فیصد ذخیرہ موجود ہے، جبکہ اس کے قریباً ساٹھ فیصد میزائل لانچرز بھی فعال ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اپنے ڈرون ذخیرے کا لگ بھگ چالیس فیصد برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق جنگ بندی کے وقت ایران کو تقریباً نصف میزائل لانچرز تک رسائی حاصل تھی۔ جنگ بندی کے دوران اس نے زیرِ زمین تنصیبات سے مزید ایک سو لانچرز نکال کر فعال بنا لیے، جس سے کل تعداد جنگ سے پہلے کی سطح کے ساٹھ فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایران امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ملبے تلے دبے میزائل ذخائر کو بھی نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس حکام کا ماننا ہے کہ یہ عمل مکمل ہونے کے بعد ایران اپنے میزائل ذخیرے کا تقریباً ستر فیصد دوبارہ حاصل کر لے گا۔


































