
تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا لبنان سے متعلق بیان امریکا ایران جنگ بندی کیلئے خطرہ بن گیا۔ اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے واضح کیا ہے کہ لبنان دو ہفتوں کی امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں شامل نہیں۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے اقدام کو سراہا، تاہم ساتھ ہی عندیہ دیا کہ اسرائیل طویل المدتی طور پر ایران کے میزائل اور جوہری خطرے کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔ نیتن یاہو کے بیان کے مطابق لبنان میں جاری فوجی آپریشن بدستور جاری رہے گا، جو جنوبی لبنان میں بفر زون قائم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔ اس صورتحال میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مؤقف امریکا ایران جنگ بندی معاہدے کیلئے ایک ممکنہ رکاوٹ بن سکتا ہے اور خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔


































