
تہران : ولی امر المسلمین آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا ہے کہ شام آج جنگ سے پہلے کا شام نہیں۔ اس کا اعتبار اور احترام پہلے کی نسبت مزید بڑھ گيا ہے۔ آج دنیا شام کو ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔ شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کے دوران ولی امرمسلمین نے کہا کہ ہمارے اور آپ کے بعض ہمسایہ ممالک غاصب صیہونی حکومت کے رہنماؤں سے قریبی دوستی برقرار کئے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کو قہوہ پلا رہے ہیں لیکن انہی ممالک کے عوام نے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور خطے کی موجودہ حقیقی صورتحال یہی ہے۔ شام پر مسلط کردہ عالمی دہشت گردانہ جنگ میں کامیابی کا ایک اہم سبب جناب عالی کا عظیم اور پختہ عزم و حوصلہ ہے اور ان شاء اللہ آپ اسی پختہ عزم و حوصلہ کے ساتھ نئے شام کو تعمیر کریں گے۔ انہوں نے شام کے بارے میں شہید سلیمانی کی محبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ شہید سلیمانی کو شام اور شامی عوام سے خاص محبت تھی اور انھوں نے شام کی آزادی اور ارضی سالمیت کے متعلق فداکاری کے شاندار جلوے پیش کئے۔ ایران کے آٹھ سالہ دفاع مقدس اور شام کے دفاع میں شہید سلیمانی کی رفتار یکساں تھی۔


































