
لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اعزازیہ صرف ذمہ دار اور قانون کے پابند علماء کو دیا جائے گا، نفرت پھیلانے والوں کیلئے حکومتی مراعات پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے محکمہ داخلہ کی تجاویز پر پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق ریاست مخالف بیانیہ اختیار کرنیوالے افراد کے اعزازیے فوری بند اور سخت کارروائی ہو گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ آئمہ مساجد کیلئے اعزازیہ اسکیم کا مقصد امن، ہم آہنگی اور قومی وحدت کا فروغ ہے، قانون کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، نفرت انگیز مواد یا تقاریر ثابت ہونے پر فہرست سے فوری اخراج ہوگا، سکیورٹی اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ابتدائی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے کے 66 ہزار امام مسجد تمام قانونی تقاضے پورے کرنے پر کلیئر قرار دے دیئے گئے ہیں، ان کے خلاف کوئی ریاست مخالف سرگرمی ثابت نہیں ہو سکی۔ اعزازیہ فہرست کی باقاعدہ اسکریننگ اور مانیٹرنگ جاری رہے گی، مستقبل میں بھی اعزازیہ دینے سے پہلے سخت جانچ پڑتال ہوگی.


































