
تہران :ایرانی چیف جسٹس حجۃ الاسلام والمسلمین محسنی نے کہا ہے کہ دقیق اور جامع عدالتی تحقیقات اور کارروائی کے بعد شہدائے مقاومت شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کے قتل میں ملوث مجرموں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ عدالتی وفد کی سربراہی میں ایران کے سفر پر آئے عراقی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ فائق زیدان سے ملاقات اور گفتگو کی اور کیس کی تحقیقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی اور شہید سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کے قتل میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئیں تحقیقات پر عراقی عدالتی حکام کے مشکور ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایرانی اور عراقی عدلیہ کے باہمی تعاون سے یہ مقدمہ جلد از جلد آخری مراحل تک پہنچ جائے گا اور نتیجہ حاصل کر لے گا۔ ادھر ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی نے عراقی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ سے ملاقات کے دوران کہاکہ عراق مقاومتی رہنماؤں پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات کے سلسلے میں مزید تیزی لاکر ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ قتل کی تحقیقات کا عمل مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے سے دونوں ممالک دنیا پر واضح کریں گے کہ مشترکہ دشمن کے خلاف کارروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔


































