
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہاہے کہ ایران میں مایوسی پیدا کرنا ملک دشمنوں کی اہم پالیسیوں میں شامل ہے۔ جن کے اذہان امید و حوصلے سے سرشار ہیں وہ کبھی بھی مایوس نہیں ہوتے اور ہر چیز کو امید افزا دیکھتے ہیں عوام میں مایوسی پیدا کرنے کی دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں ہر وقت تیار رہنا چاہئے ۔مجلس خبرگان رہبری کے سربراہ اور ممبران سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے اسلامی جمہوری نظام سے اغیار کی دشمنیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ بعض دشمنیاں سیاسی نوعیت کی ہیں مثال کے طور پر فلسطین کے مسئلے میں ایران کا اپنا ایک موقف ہے جبکہ بڑی طاقتوں کا موقف کچھ اور ہے اسی لئے وہ اسلامی جمہوری نظام سے دشمنی کرتی ہیں ۔اس طرح کی دشمنی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔جوچیز اہم ہے وہ اسلامی جمہوری نظام سے ذاتی دشمنی ہے۔ کچھ طاقتیں اصل اسلامی جمہوریہ سے دشمنی کرتی ہیں وہ اسلامی جمہوریت کو برداشت نہیں کرپا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی جمہوری نظام کا عوامی ہونا ایک ایسی حقیقت ہے جس کا کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا اور اس حقیقت کا پوری دنیا نے11 فروری کی ریلیوں میں بخوبی مشاہدہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام عوامی اور جمہوری ہونے کے اعتبار سے پوری دنیا میں ایک بے مثال یا کم نظیر نظام حکومت ہے اور جہاں بھی نظام کو عوام کی حمایت اور خدمت کی ضرورت ہوتی ہے وہاں عوام میدان میں اترتے ہیں اور اس حقیقت کا مشاہدہ اس سال اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے جشن میں ایرانی عوام کی غیر معمولی اور تاریخی شرکت کی صورت میں کیا گیا ہے ۔


































