
القدس: مقبوضہ مشرقی القدس میں فلسطینیوں نے بڑھتے ہوئے اسرائیلی کریک ڈاؤن کے خلاف سول نافرمانی کا اعلان کردیا۔ صیہونی کریک ڈاؤن کیخلاف مشرقی القدس میں ہڑتال کی گئی اور بھرپور احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے رات بھر گاڑیوں کے ٹائر جلائے اور مختلف علاقوں کے داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ جن میں شفاعت، عناتا، جبل المکبر، اساویہ اور الرم شہر شامل ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے بعض سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے چھاپے مارے جس کے نتیجے میں مظاہرین کے ساتھ تصادم ہوا۔ مزاحمتی قوتوں کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرے اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کی جانب سے گذشتہ ہفتے شہر کے رہائشیوں پر عائد تعزیری اقدامات کا جواب ہیں۔سول نافرمانی کی کارروائی میں اسرائیلی کام کی جگہوں پر کام نہ کرنا اور اسرائیل کے زیر انتظام میونسپلٹی اور دیگر ریاستی اداروں کو ٹیکس ادا کرنے سے انکار کرنا شامل ہے۔


































