
اسلام آباد : بہترین ویکسین شدہ شہروں، اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین ، گلگت اور میرپور میں کورونا سے متعلق پابندیاں ختم کردی گئیں، یہ فیصلے وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں کئے گئے، اجلاس میں کورونا وبا کی صورتحال اور مختلف شہروں میں ویکسینیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ویکسی نیشن میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے شہروں کی حوصلہ افزائی کے لیے کاروبار زندگی کو مرحلہ وار معمول پرلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ این سی او سی نے 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے والے بہترین شہروں اسلام آباد ، منڈی بہاؤ الدین ، گلگت اور میرپور میں لازمی احتیاط کے ساتھ معمول کی سرگرمیوں کی اجازت دیدی اجتماعات ، تقریبات ، کھیلوں کے میدان ، تجارت اور کاروبار، ان ڈور ڈائیننگ ،سینما، مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد تمام پابندیوں کو ہٹا لیا گیا۔ تمام سہولیات کا تسلسل مکمل ویکسی نیشن اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط کردیا گیا۔ این سی او سی 12 نومبر کو اجلاس میں ان فیصلوں کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے پابندیاں ختم کرنے کا نوٹفیکشن جاری کر دیا۔


































