
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے اسٹیک ہولڈرز سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ دو ہفتوں کے اندر سارے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔ زمان پارک میں پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز سے بات چیت میں عمران خان نے کہاکہ معاملات ٹھیک ہونے جارہے ہیں۔
تحریک انصاف کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہیں یہ جو مرضی کر لے تحریک انصاف کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ اجلاس میں تحریک انصاف نے پنجاب میں عوامی پاور شو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت 18 مئی کو مرید کے میں جلسہ ہوگا جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے گوجرانوالہ مرید کے کے ٹکٹ ہولڈرز کو جلسے کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپتے ہوئے انہیں گرفتاری سے بچنے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں عمران خان نے عوام کے نام خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ جب چنگیز خان ایک شہر فتح کرتا تھا تو قتل عام کرتا تھا اور پھر جو چند لوگ زندہ چھوڑتا تھا انکو چاروں طرف پھیلا کر کہلواتا تھا کہ جاکر دنیا کو بتاؤ میں کتنا ظالم ہوں، میری کتنی دہشت ہے، اسکے نتیجے میں تمام شہر بغیر مزاحمت کیے ہاتھ کھڑے کرلیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی آج اس صورتحال سے گزر رہا ہے، ظلم کی داستانیں ٹی وی پر چلائی جا رہی ہیں، لوگوں کے گھروں کومسمار کیا جا رہا ہے،جنکی ویڈیوز سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر چلائی جا رہی ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ عورتوں پر کبھی کہیں ایسا ظلم روا نہیں رکھا گیا جو بےحرمتی اور ظلم آج پاکستان میں خواتین پر کیا جارہا ہے۔


































