
اسلام آباد: آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی شاہ محمود کے وکلا نے دلائل دیے۔ وکیل چیئرمین پی ٹی آئی سلمان صفدر نے تحریری دلائل لکھوائے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ میں اتنا کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا جتنا سابق وزیراعظم کو بنایا گیا۔ ان پر 180 سے زائد کیسز درج کیے گئے، 140 سے زائد کیسز گرفتاری سے قبل درج ہوئے۔ انہوں نےکہا کہ یہ کیس فرد واحد کا نہیں بنتا اس میں تو ساری کابینہ کو پراسیکیوٹ کرنا پڑے گا۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ دونوں رہنما جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں رہیں گے۔ کچھ دیر بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔عدالت نے اسی کیس میں ایک اور پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی۔


































