
راولپنڈی : ملک بھر میں یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں یادگارِ شہدا پر ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی تھے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا اور اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے خصوصی دُعائیں مانگی گئیں۔ علماء کرام نے کہا کہ آزاد فضاؤں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہداء کے مرہون منت ہے جو ہم پر ان کا قرض ہے، آج اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ یوم تکریم شہداء کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر اور شہید میجر سرمس رؤف کی قبر پر ورثا اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے دستے نے شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔


































