
غزہ : فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل دونوں نے غزہ میں بین الاقوامی امن فورس کے قیام سے متعلق امریکہ کے مجوزہ منصوبے پر اپنے تحفظات ظاہر کردئے۔ فلسطینی ذرائع نے روزنامہ الشرق الاوسط کو بتایا کہ فلسطینی قیادت امن فورس کی تجویز کا اصولی طور پر خیر مقدم کرتی ہے، مگر وہ چاہتی ہے کہ فورس کا قیام اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت عمل میں لایا جائے۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی فریق کو فورس کے کردار، اس کے مینڈیٹ کی مدت اور فلسطینی اتھارٹی کے ممکنہ کردار سے متعلق خدشات ہیں۔
دوسری جانب عبرانی ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ فورس کا قیام اقوامِ متحدہ کے دائرہ کار میں تو ہو لیکن اس کے لیے باب ہفتم کا اطلاق نہ کیا جائے، کیونکہ یہ باب سلامتی کونسل کو فوجی کارروائیوں کے اختیارات دیتا ہے جنہیں اسرائیل اپنے لیے خطرناک سمجھتا ہے۔


































