
باکو : آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ناگورنو کاراباخ تنازع پر ایک بار پھر لڑائی چھڑ گئی۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ آرمینیا کے تین پولیس افسر ہلاک ہوگئے۔ سرحدی جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب آذربائیجان کے فوجیوں نے ایک قافلے کو روکا جس کے بارے میں شبہ تھا کہ غیر مجاز سڑک سے ہتھیار لے جا رہا تھا۔ فورسز اسلحہ لے کر جانے والی گاڑیاں روک رہی تھیں جب ان پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں طرف لوگ زخمی ہوئے اور ہلاکتیں ہوئیں۔آرمینیا کی وزارت خارجہ نے آذربائیجان کے بیان کو فضول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اشتعال انگیزی کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی اور قیادت نے ہدایات دیں۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان دو جنگیں ہو چکی ہیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


































