
غزہ : غزہ میں خون جما دینے والی سردی سے مزید چار بچے دم توڑ گئے۔مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر ایڈورڈ بیگ بیڈر نے انتہائی سرد موسم کی وجہ سے غزہ میں خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں مقیم فلسطینی بچوں اور شیر خوار بچوں کی بڑی تعداد میں اموات کے خطرات سے خبردار کردیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں کم از کم 11 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اب ہم بچوں کو سردی اور مناسب رہائش کی قلت کے باعث مرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کی توقع ہے۔ اس لیے ہم سمجھ سکتے ہیں کہ اگلا سانحہ رونما ہونے جا رہا ہے کیونکہ مزید بچے ایسے حالات کی وجہ سے مر جائیں گے کیونکہ وہ سردی سے بچ نہیں سکیں گے۔


































