Tue Nov 24, 2026

ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، انروا کا 35 سالہ کارکن اور 2 فلسطینی شہید قطری وزیرِ اعظم کی مارکو روبیو سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال این پی ٹی سے علیحدگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اسماعیل بقائی وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز سعودی فوج کا یمن پر فضائی حملہ امریکی بیانات کے باوجود ایرانی تیل کی برآمد جاری ہے: حمید بورد ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 افراد، 22 اداروں پر نئی پابندیاں عراق میں حضرت عزیرؑ کے مزار کا انتظام صیہونی عناصر کے حوالے کرنے کا منصوبہ ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں میں 623 بچے شہید ہوئے فرانس میں مسلسل چھٹے ہفتے مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 ناکام، سیاسی معاہدہ نہ ہوسکا ڈیلٹا ایئر لائنز کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی، امریکا بھر میں 1200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار جرمنی نے خفیہ اداروں کے اختیارات میں سب سے بڑی اصلاحات کی منظوری دیدی امریکی وزارت خارجہ کی بحرین میں امریکی شہریوں کو دوبارہ وارننگ

روزانہ کی خبریں

سچی گواہی سے اجتناب

۔


آیت اللہ دستغیب شیرازی

شرعی عدالت میں اپنی سچی گواہی دینے سے اجتناب کرنا گناہ کبیرہ ہے۔ حضرت عبدالعظیم نے امام محمد تقی ؑ سے جو صحیح روایت نقل فرمائی ہے اس میں صاف طور پر اسے بھی گناہ کبیرہ قرار دیا گیا ہے۔ حق کو حق ثابت کرنے اور باطل کو باطل ثابت کرنے کے لئے کچھ شرطوں کی موجودگی میں جو بیان ہوں گی، گواہی دینا واجب ہوجاتا ہے۔ مذکورہ روایت میں حضرت امام محمد تقی ؑ گواہی چھپانے کے گناہ کبیرہ ہونے کی دلیل کے طور پر یہ آیت پیش کرتے ہیں۔ ”اور تم گواہی کو نہ چھپایا کرو۔ جو شخص گواہی کو چھپائے گا بے شک اس کا دل گنہگار ہے اور جو تم لوگ کرتے ہو خدا اس کو خوب جانتا ہے۔“ (سورہ بقرہ آیت نمبر283)
اس آیہ شریفہ میں آثم قلبہ کہا گیا ہے اور دل کو گہنگار بتایا گیا ہے۔ اس میں دو نکتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ گواہی چھپانا ایک قلبی گناہ ہے یعنی ایسا گناہ ہے جو دل کرتا ہے اور اس میں اعضاءوجوارح براہ راست کچھ نہیں کرتے۔ آدمی دل میں حقیقت کو چھپالیتا ہے اور زبان سے ظاہر نہیں کرتا۔ دوسرا نکتہ یہ ہے کہ جس حد تک دل کو جسم کے تمام اعضاءو جوارح پر فضیلت حاصل ہے اسی حد تک دل کا گناہ بھی اعضاءو جوارح کے گناہ سے زیادہ بڑا ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے دل کی اطاعت اس اطاعت سے کہیں افضل ہے جو اعضاءو جوارح کے ذریعے ہوتی ہے۔ یہ دل ہی ہے جو آدمی کو شرک جیسے سب سے بڑے گناہ میں آلودہ کردیتا ہے۔ دل کے گناہ ، بہرحال اعضاءو جوارح کے گناہ سے کہیں زیادہ بڑے ہوتے ہیں۔ دل کے انہی گناہوں میں سے ایک اسی آیہ شریفہ کی روسے شرعی عدالت میں گواہی کو چھپانا ہے۔ اسی آیت کے آخر میں مزید تاکید کرتے ہوئے خدافرماتا ہے کہ ”خواہ لوگ تمہارے دل کے اس گناہ کو نہ جانیں ، لیکن خدا تو اچھی طرح جانتا ہے اور وہ ضرور اس کی سزا دے گا۔“
خداوند تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے ” اور جب گواہوں کو گواہی کے لئے بلایا جائے تو ان کو انکار نہیں کرنا چاہیے۔“(سورہ بقرہ آیت نمبر282) اسی طرح ایک اور آیت میں ارشاد ہے ” اور اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جس کے پاس خدا کی طرفداری میں گواہی موجود ہو لیکن وہ اس گواہی کو چھپادے۔“(سورہ بقرہ آیت نمبر140) ایسا شخص یقیناًان اہل کتاب کی طرح سے ہے جنہوں نے توریت اور انجیل میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیکے اوصا ف پڑھ لئے تھے مگر اس کے باوجود ان کو چھپا لیا تھا۔
سچی گواہی دیجئے، خواہ آپ کو نقصان ہو
سورہ¿ نساءمیں خداوند تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :” اے ایمان والو! مضبوطی کے ساتھ انصاف پر قائم رہو اور سچی گواہی دو اگرچہ یہ گواہی خود تمہارے ماں باپ یا قرابتداروں کے لئے مضر ہی کیوں نہ ہو۔ خواہ مالدار ہو یا غریب ، ہر شخص کو سچی گواہی دینی چاہیے۔ خدا تم سے زیادہ دوسروں پر مہربان ہے۔ پس تم حق سے کترانے میں نفسانی خواہش کی پیروی نہ کرو۔ اگر تم گواہی گھما پھرا کے دو گے، گول مول بات کرو گے یا گواہی دینے سے بالکل انکار کردو گے تو یاد رہے کہ خدا تمہارے کرتوتوں سے بخوبی واقف ہے۔“ (سورہ نساءآیت نمبر135) پس آدمی کو دولت مندوں سے ڈر کر یا غریبوں پر رحم کھانے کے عنوان سے بھی گواہی نہیں چھپانی چاہیے یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ بچارے غریب کے خلاف گواہی دے دی تو اس کا کیا بنے گا۔ پس گواہی کے سلسلے میں نہ تو اپنی ذاتی مصلحت مد نظر رکھنی چاہیے اور نہ ہی دوسروں کی منفعت کا لحاظ کرنا چاہیے۔ ہرحال میں پس حکم خداوندی کو مد نظر رکھنا چاہیے۔
دشمن کے حق میں بھی انصاف
سورہ مائدہ میں ارشاد ہے :” اے ایمان لانے والو! خدا کی خوشنودی کے لئے انصاف کے ساتھ گواہی دینے پر تیار رہوتمہیں کسی قبیلے کی عداوت اس جرم میں نہ پھنسوادے کہ تم ناانصافی کرنے لگو۔ خبردار ،بلکہ تم ہرحال میں انصاف ہی کرو جو کچھ تم کرتے ہو خدا اسے ضرور جانتا ہے۔“ (سورہ مائدہ آیت نمبر8)
اس آیہ شریفہ میں یہ حکم موجود ہے کہ گواہی صرف خوشنودی خدا کے لئے ہونی چاہیے اور کسی قسم کی دشمنی حق گوئی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ ایک اور جگہ ارشاد ہے:” اور خدا ہی کے لئے تم ٹھیک ٹھیک گواہی دیا کرو۔“ (سورہ طلاق ، آیت نمبر2)
سچی گواہی چھپانے والے
حضرت امام محمد باقر ؑ فرماتے ہیں :” جو شخص گواہی چھپائے گا قیامت کے دن اس کا گوشت کاٹ کر خدا سب لوگوں کے سامنے اسے حکم دے گا کہ وہ اپنا گوشت خود کھائے۔“ (وسائل الشیعہ) امام محمد باقر ؑ یہ بھی فرماتے ہیں کہ گواہی چھپانے کی مذمت میں آنے والی آیت میں ”جو شخص گواہی چھپاتا ہے اس کا دل کافر ہوتا ہے۔“ یعنی اس کے دل میں کفر ہوتا ہے۔
امام ؑکا یہ بھی ارشاد ہے کہ ”جو شخص گواہی دینے سے پھر جائے گا یا سرے سے گواہی چھپالے گا، خداوند تعالیٰ (قیامت کے دن ) سب لوگوں کے سامنے اس کا گوشت خود اسی کو کھلوائے گا اور ایسا شخص جب جہنم میں داخل ہوگا تو اپنی زبان دانتوں سے کاٹ رہا ہوگا۔“(وسائل الشیعہ)
حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ فرماتے ہیں ” جب تم سے گواہی مانگی جائے تو گواہی ضرور دو۔“ اس لئے خدا عزوجل فرماتا ہے :” بے شک خدا تم کو حکم دیتا ہے کہ امانتوں کو ان کے اہل لوگوں تک پہنچا دو۔“ (سورہ نساءآیت نمبر58) گواہی خود ایک امانت ہے اس کے علاوہ خدائے تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے ”اور اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جس کے پاس خدا کی طرفداری میں گواہی موجود ہو لیکن وہ اس گواہی کو چھپا دے۔(وسائل الشیعہ)
تفسیر علی ابن ابراہیم قمی میں حضرت امیر المومنین ؑ کا یہ قول نقل ہے کہ :” جو شخص کوئی گواہی اپنے پاس رکھتا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اسے ظاہر کردے۔ جب اس سے گواہی طلب کی جائے تو وہ بتادے۔ کسی کی ملامت سے نہ ڈرے۔ اپنا امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ بہرحال انجام دے۔“
کیا گواہ بننا واجب ہے؟
جب کوئی مسلمان اپنے دینی بھائی سے خواہش کرتا ہے کہ وہ اس کا ساتھ دے اور گواہی کے لئے شرعی عدالت میں حاضر ہو جائے یا کسی معاملے میں گواہ بن جائے تاکہ اگر آئندہ گواہی کی ضرورت پڑے تو گواہی دے سکے تو آیا شرعاً اس کی یہ خواہش پوری کرنا واجب ہے یا نہیں ؟ فقہا و مجتہدین کے درمیان مشہور یہی ہے کہ گواہی دینے پر یا کسی معاملے کا گواہ بن جانے پر آمادہ ہو جانا واجب ہے۔ خداوند تعالیٰ خود حکم فرماتا ہے کہ ” اور اپنے لوگوں میں سے جن لوگوں کو تم گواہی کے لئے پسند کرو کم سے کم دو مردوں کی گواہی کرالیا کرو۔ پھر اگر دو مرد نہ ہوں تو کم سے کم ایک مرد اور دو عورتیں۔ کیونکہ ان دونوں میں سے اگر ایک بھول جائے گی تو ایک دوسری کو یاد دلا دے گی، اور جب گواہ بلائے جائیں تو انہیں گواہی کے لئے انکار نہیں کرنا چاہیے۔“ (سورہ بقرہ آیت نمبر282)
ہشام کہتے ہیں کہ امام جعفرصادق ؑ نے فرمایا:” اور جب گواہ بلائے جائیں تو انہیں گواہی کے لئے انکار نہیں کرنا چاہیے۔“ سے مراد ”گواہ بننے کے لئے بلائے جائیں۔“ ہے۔
یعنی امام جعفر صادق ؑ نے فرمایا: اصل شرعی حاکم کے پاس گواہی دینے سے قبل کی گواہی مراد ہے۔“ اور اسی آیت کے بعد والی آیت میں مراد یہ ہے کہ ”حاکم شرعی کے پاس گواہی کو مت چھپاو¿۔“
بہت سی روایتوں میں آیا ہے کہ گواہ بن جانا واجب ہے۔ مثلاً محمد بن فضیل نے حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ سے ”جب گواہوں کو بلایا جائے تو ان کو انکار نہیں کرنا چاہیے۔“ کہ یہ معنی نقل کئے ہیں کہ :
”جب کوئی شخص تم کو کسی قرضے یا کسی حق کے سلسلے میں گواہ بننے کی خاطر بلائے تو تم کو اتنی چھوٹ نہیں ہے کہ اس سے لاپرواہی کرو۔“ (وسائل الشیعہ ،گواہی کے ابواب، باب نمبر 1)
جب خداوند تعالیٰ نے سورہ¿ بقرہ کی آیت نمبر 282 میں حاکم شرع کے سامنے گواہی دینے کو واجب قرار دے دیا ہے تو اس کا لازمہ یہ ہے کہ آدمی پہلے گواہ بن چکا ہو۔ جب آدمی کسی معاملے میں گواہ کا کردار ادا کر چکا ہو تب کہیں جاکر وہ عدالت میں گواہی دے سکے گا۔ اس کے علاوہ جب گواہ بنانے کا حکم ہے تو معقول نہیں ہے کہ ایک شخص پر واجب ہو کہ وہ دوسرے کو گواہ بننے کے لئے کہے لیکن دوسرے پر گواہ بننا واجب نہ ہو۔

مزید پڑھیے

Most Popular