
قاہرہ : اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور جنگی جہازوں نے فلسطین علاقے رفح کے مشرق میں بمباری کی ہے اور قاہرہ میں جاری مذاکرات ختم ہو گئے ہیں۔ ایک سینیئر اسرائیلی عہدے دار نے کہا ہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جاری بالواسطہ مذاکرات ختم ہو گئے ہیں اور اسرائیل رفح اور غزہ کی پٹی کے دیگر علاقوں میں اپنا آپریشن جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیل نے ثالثوں کو یرغمال افراد کی رہائی سے متعلق حماس کی تجویز پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور اب اسرائیلی وفد مصر سے واپس لوٹ رہا ہے۔ دوسری جانب حماس اور اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے اسرائیلی ٹینکوں پر ٹینک شکن راکٹس اور مارٹر گولے برسائے ہیں۔


































