
غزہ : حماس نے اسرائیل کے نئی یہودی بستیوں کی منظوری کو الحاق کی ایک خطرناک کوشش قرار دیا ہے اور واضح کیا ہےکہ غیر قانونی بستیوں کی مسلسل توسیع کشیدگی کا ایندھن ہے۔حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی یہودی بستیوں کی منظوری استعماری قبضے کے جرائم میں ایک اضافی جرم ہے، جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں سے بھرا ہوا ہے۔ حماس نے زور دیا کہ غیرقانونی بستیوں کی مسلسل توسیع کشیدگی کا سبب ہے۔ اسرائیلی حکومت کو اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ حماس نے بین الاقوامی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے بستی منصوبوں کو روکیں اور قابض ریاست کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔ حماس نے فلسطینی عوام پر بھی زور دیا کہ وہ القدس اور اس کے گردونواح میں جاری یہودی کاری اور بے دخلی کے منصوبوں کے خلاف اپنی ثابت قدمی اور اتحاد کو مضبوط کریں۔


































