
لندن : انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکا کو ایران کے جنوبی شہر میناب میں واقع شجرہ طیبہ ایلیمنٹری اسکول پر حملے کا ذمہ دار اور عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اٹھائیس فروری کو کئے گئے حملے میں امریکی ساختہ ٹوماہاک میزائل استعمال کیا گیا، جو اس تنازعہ میں صرف امریکی افواج ہی استعمال کرتی ہیں۔ سیٹلائٹ تصاویر، ویڈیو شواہد اور ماہرین کے تجزیے کی بنیاد پر رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسکول کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، جبکہ اس کے ساتھ واقع ایرانی پاسداران انقلاب کے کمپاؤنڈ کی دیگر عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ ایمنسٹی کے مطابق یہ حملہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات میں ناکامی کو ظاہر کرتا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اگر اسکول کی معلومات نہیں تھیں تو یہ بڑی انٹیلیجنس ناکامی ہے، اسکول حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یاد رہے کہ شجرہ طیبہ ایلیمنٹری گرلز اسکول تھا اور شہید تمام 168 بچیوں کی عمر 13 سال سے کم تھیں۔


































