
واشنگٹن: امریکہ نے اسرائیل کو گولہ بارود کی سپلائی روک دی ہے۔بائیڈن انتظامیہ نے سپلائی روکنے کی تصدیق کردی ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کے مطابق دو ہزار اور پانچ سو پاؤنڈ وزنی بموں کی سپلائی اسرائیل کو روک دی گئی ہے جن کے بارے میں خدشہ تھا کہ وہ رفح آپریشن میں استعمال ہوسکتے ہیں۔ یہ سات اکتوبر کے بعد سے پہلے موقع ہے جب امریکہ نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکی ہے۔ صدر جوبائیڈن اور امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے چیف نے اسرائیلی وزیراعظم سے رابطہ کیا ہے اور رفح پر حملے کی صورت میں اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کیا ہے کہ رفح پر حملے کے بعد پڑوسی عرب ملکوں کے لیے غزہ جنگ سے دور رہنا مشکل ہوجائے گا۔


































