
واشنگٹن: مدد کی درخواستیں رد ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ امریکا جیسے طاقتور ملک کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ نیٹو احمقانہ غلطی کر رہا ہے، نیٹو کو اس وقت خطے میں ہونا چاہیے تھا۔ وائٹ ہاؤس میں آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں بیشتر نیٹو اتحادیوں نے آگاہ کیا ہے کہ وہ اس جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہتے، کیونکہ ان میں سے کئی اسے غیرقانونی سمجھتے ہیں۔ ٹرمپ نے نیٹو کے رکن ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے میں امریکا کی مدد نہ کرکے احمقانہ غلطی کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک آبنائے میں جہازوں کو بحفاظت گزارنے میں مدد دینے کے لیے تیار ہیں، تاہم انہوں نے ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران پر حملہ نہ کرتے تو وہ اب تک ایٹمی ہتھیار بنا چکا ہوتا۔


































