
لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کیخلاف بطور احتجاج جیل بھرو تحریک شروع کی تھی اور راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں کئی رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنی گرفتاریاں پیش کیں ۔ جس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اعظم سواتی سمیت مختلف رہنما شامل ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کا حکم آتے ہی راولپنڈی سے 47 کارکنان کو شاہ پور جیل سے رہا کردیا۔ رہائی پانے والے رہنما اور کارکنان پر گل پاشی کی گئی۔ راجن پور جیل سے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر سمیت 27 کارکنان کو رہائی ملی۔ ڈیرہ غازی خان اور اٹک جیل سے بھی کارکنان اور رہنماؤں کو رہا کردیا گیا۔ اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی درخواست پر پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں و کارکنان کو جیلوں سے رہا کرنے کا حکم دیا۔


































