
تل ابیب : اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان پر جاری فضائی حملوں کو سرحدی خودمختاری کی خلاف ورزی ماننے سے انکار کردیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون ساعر نے العربیہ نیٹ ورک کو انٹرویو میں کہا ہےکہ لبنان پر اسرائیلی حملے نہیں۔ حزب اللہ کا وجود لبنان کی خودمختاری کے خلاف ہے۔ گیدون سائر نے کہا کہ لبنان کا اصل مسئلہ ہمارے ساتھ تنازعات نہیں ہیں بلکہ لبنان میں حزب اللہ کی موجودگی اور ایران سب سے بڑے مسئلے کی جڑ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل لبنان کے ساتھ امن چاہتا ہے اور تعلقات کو نارمل کرنا چاہتا ہے۔ اس کے لیے لازم ہے کہ لبنان حزب اللہ کا خاتمہ کر کے اپنی سلامتی کا تحفظ کرے اور لبنان کو حزب اللہ کے ہاتھوں میں رہنے دینے کی بجائے لبنانی عوام کے سپرد کر دے۔ انہوں نے شام کے بارے میں ایک سوال پر کہا کہ دمشق کے ساتھ اسرائیل کا سیکیورٹی معاہدہ ہو جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارے شام کی سرزمین پر قبضہ کے سلسلے میں کوئی عزائم نہیں ہیں اور نہ ہی کبھی ہم نے اس طرح کا کوئی ارادہ رکھا ہے۔


































