
لندن : برطانیہ کے شہر مشرقی لیسٹر میں ہندو مسلم کشیدگی برقرار ہے۔ پولیس اب تک ستائیس افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔ مشرقی لیسٹر میں 28 اگست کو ایشیا کپ کے پاک بھارت میچ کے بعد جھڑپیں شروع ہوئی تھیں جب پاکستانی اور ہندوستانی شہری آمنے سامنے آگئے تھے۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور لوگوں سے پرامن رہنے کا کہا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تین ہفتوں سے دونوں جانب سے شرپسند عناصر رات کو ایک دوسرے کے خلاف پرتشدد کارروائیاں کر رہے ہیں۔ پولیس ان کارروائیوں میں ملوث ستائیس افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔


































