
اسلام آباد: طالبان کی جانب سے مقرر کردہ سفارت کاروں نے پاکستان میں افغان سفارت خانے اور قونصل خانوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔ پیشرفت سے واقف حکام نے کہا کہ سردار محمد شکیب نے اسلام آباد میں افغان سفارت خانے میں فرسٹ سیکریٹری کے طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ حافظ محب اللہ، ملا غلام رسول اور ملا محمد عباس کو افغانستان کے پشاور، کوئٹہ اور کراچی کے قونصل خانوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے میں جولائی کے بعد سے کوئی سفیر موجود نہیں ہے جب گزشتہ حکومت کے آخری سفیر نجیب اللہ علی خیل اپنی بیٹی سلسلہ علی خیل کے مبینہ اغوا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تنازع کی وجہ سے ملک چھوڑ گئے تھے۔ سردار محمد شکیب کو جاننے والے طالبان کے ارکان کا کہنا ہے کہ وہ صوبہ زابل سے تعلق رکھنے والے پشتون ہیں اور جنوبی قندھار میں محکمہ اطلاعات و ثقافت میں خدمات انجام دے چکے ہیں جس کے ساتھ ساتھ وہ طالبان کے ایک میگزین سے بھی وابستہ رہے ہیں۔


































