
لاہور: پاکستان علماء کونسل نے کارساز حادثہ کیس میں ورثا کی طرف سے دیت لینے کے بعد معافی کے معاملہ پر کہا ہے کہ قصاص دیت کے قانون کا غلط استعمال کسی صورت مناسب نہیں۔ اگر عدالت اس طرح کے واقعات میں مجرموں کی معافی قبول کرتی ہے تو اس سے معاشرہ میں انتشار اور فساد پھیلے گا۔ کار ساز حادثہ کے معاملہ پر ریاست کو فریق بننا چاہیے اور اس تاثر کو ختم کرنا چاہیے کہ عدالتی نظام طاقتور کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک بار پھر قصاص و دیت کے قانون کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں بھی اس قانون کا غلط استعمال ہوا ہے کہ طاقتور اور دولت مند جس طرح چاہے انسانیت سے سلوک کرے اور پھر اپنی طاقت اور دولت کی بنا پر معافی لے لے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔


































