
دمشق: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے شام کے صدر بشار الاسد کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیدی۔ سعودی عرب نے امریکی تشویش اور مخالفت کو مسترد کرتے ہوئے شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اردن میں سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری نے دمشق میں شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی اور انہیں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا۔ السدیری نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محد بن سلمان کی جانب سے شام اور اس کے عوام کی سیکیورٹی اور ملک کے استحکام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ جواب میں بشار الاسد نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خوہشات کا اظہار کیا اور ان کی تعریف کی۔ادھر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق اور یمنی صدر رشاد العلیمی کو بھی دعوت نامے ارسال کئے ہیں اور انہیں 19 مئی کو سعودی عرب میں عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔


































