
لندن : سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت پر برطانوی حکومت کیخلاف مقدمہ دائر کردیا گیا۔اسلحہ کی تجارت کے خلاف مہم کمپین اگینسٹ آرمز ٹریڈ نے برطانوی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس کی سماعت شروع ہوگئی ہے ۔ گروپ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ برطانوی ہتھیار جنگ زدہ یمن میں بڑی انسانی تباہی کو وسعت دے رہے ہیں۔ اور اسلحے کی برآمدات نے ہزاروں شہریوں کی ہلاکتوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ گروپ دو سال سے یمن جنگ میں شامل سعودی قیادت والے اتحاد کو ہتھیاروں کی فراہمی کی قانونی حیثیت کو چیلنج کر رہا ہے۔ گروپ نے 2019 میں عدالتی جنگ جیت لی تھی جس کے بعد حکومت نے اسلحہ کی فروخت کو عارضی طور پر روک دیا تھا۔ تاہم اس وقت کے وزیر تجارت لز ٹرس کے حکم پر اسلحہ کی تجارت دوبارہ شروع ہوگئی۔


































