
رام اللہ : مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی دو سالہ بچہ دم توڑ گیا جبکہ باپ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نبی صالح قصبے میں گاڑی پر براہ راست فائرنگ سے دو سالہ محمد حیثم تمیمی اور اس کے والد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ننھے بچے کو طبی امداد کے لیے اسرائیل کے اندر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا۔ صیہونی فوج کا دعویٰ ہے کہ دو مسلح فلسطینوں نے مبینہ طور پر قریبی بستی پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔ تاہم بچے کے والد نے اسرائیلی بیانیے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا اور اسرائیلی فورسز نے براہ راست ہماری گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔


































