
تہران: آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 93 ویں لہر میں ایران نے شہید نیول چیف ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں صیہونی ریاست پر گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کر دیا، موساد ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا۔
ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 93 ویں لہر میں شمالی اور وسطی مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جنگی امدادی مراکز پر حملے کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مغربی گلیلی، حیفہ، کفرکنہ اور کرائیوٹ پر گائیڈڈ میزائل داغے گئے، ایرانی فورسز نے گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے اہداف کو درستگی سے نشانہ بنایا، یہ حملے بحریہ کے شہید ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی یاد میں کیے گئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے تل ابیب اور حیفہ سمیت مختلف شہروں پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں عمارتیں تباہ ہوگئیں، گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جبکہ اسرائیل کا دفاعی نظام میزائل روکنے میں بری طرح نا کام رہا۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیلی شہر تل ابیب میں موساد کا ہیڈکوارٹر میزائل حملے سے تباہ کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ بلند و بالا عمارت کے قریب دھماکے کی آواز اور آگ کا بڑا گولہ فضا میں اٹھتا دکھائی دیا۔
ایرانی میزائل حملوں کے دوران شہریوں نے اسرائیلی وزیر کے گھر میں قائم شیلٹر میں پناہ لینے کی کوشش کی لیکن وزیر نے دروازہ ہی نہیں کھولا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں میں نیگیو کے صنعتی علاقے اور وسطی اسرائیل کی متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، روش ہائین اور پیتاہ تکوا میں عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ تل ابیب کی متعدد جگہیں بھی متاثر ہوئیں۔


































