
پنجاب کی جیلوں میں قید قیدیوں کیلئے 90 روز کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا۔ صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 23 مارچ کی مناسبت سے سزاوں میں کمی کا اعلان کیا۔ قیدیوں کی سزاؤں میں کمی آئین پاکستان 1973 کے آرٹیکل 45 کے تحت کی جائے گی۔ سزا کا 2/3 فیصد حصہ کاٹ چکے قیدیوں پر کمی کا اطلاق ہوگا۔ دہشتگردی، منشیات، حدود آرڈیننس کی دفعات کے تحت سزا پانیوالے قیدی سزا میں کمی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل نہیں ہونگے۔ 65 سال سے زائد عمر کے مرد، 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر بھی سزاوں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔ بزرگ قیدی جو اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں رعایت کا اطلاق ہوگا۔ 18 سال سے کم عمر قیدی جو 1/3 فیصد حصہ کاٹ چکے ہوں گے، کی سزا میں کمی ہوگی۔ مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے قیدیوں پر کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔


































