
اسلام آباد: مسنگ پرسن کمیشن نے 2022ء میں 860 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی۔ کمیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ برس کے دوران 860 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اکتوبر میں سب سے زیادہ 128 افراد کے لاپتہ ہونے کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اپریل میں 122 افراد لاپتہ ہوئے، یوں اب تک لاپتہ افراد کے 9 ہزار 133 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سالانہ رپورٹ کے مطابق 2022ء میں لاپتہ افراد کے کل ایک ہزار 109 کیسز نمٹائے گئے۔ 2021ء میں لاپتہ افراد کے ایک ہزار 460 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس وقت ملک بھر میں 977 افراد انٹرنمنٹ سینٹرز میں قید ہیں، قیدیوں کی سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا کے شہریوں کی ہے۔


































