
غزہ: اسرائیلی فوج کے رفح اور شمالی غزہ کے علاقے زیتون پر فضائی حملے جاری ہیں۔ حملوں میں مزید پچیاسی فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے رفح اور شمالی غزہ پر ستر سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں حملے تیز کردیئے ہیں، چالیس سے زائد فضائی حملوں میں دس مکان مکمل تباہ ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق چالیس فلسطینی زیتون میں شہید ہوگئے ہیں جبکہ کئی افراد ملبے تلے دبے ہیں جن کے زندہ بچنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔رفح پر بھی اسرائیلی فوج کی گولہ باری جاری ہے۔ جس میں 35 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی و امداد انروا کے مطابق رفح سے اسی ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جن کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں ہے۔اسرائیلی فوج نے خان یونس میں دس فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔دوسری طرف الشفا اسپتال سے مزید پچاس لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔اب تک الشفا اسپتال کی اجتماعی قبروں سے سات سو سے زائد لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔


































