
ریاض: پاکستان اور سعودی عرب سمیت آٹھ ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی وزرا کے بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں اسے عالمی قوانین اور فلسطینیوں کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ، قطر، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں صیہونی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کے بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی بیدخلی کے لیے منصوبے اور طریقہ کار پیش کرنا فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی نکالنے کے مترادف ہے۔ بیان کے مطابق ایسی اشتعال انگیز تجاویز عالمی قوانین، بالخصوص بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور فلسطینیوں کے جائز حقوق کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔ مسلم ممالک نے خبردار کیا کہ ایسے منصوبوں پر عمل درآمد کی صورت میں انہیں عالمی سطح پر شدید مخالفت کا سامنا ہوگا۔


































