
غزہ : اسرائیلی فوج کے شمالی، وسطی اور جنوبی غزہ اور رفح پر حملوں میں 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔ رفح کے گنجان آباد علاقوں میں اسرائیلی بمباری جاری ہے مشرقی رفح میں ہر طرف دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ مسلسل بمباری کی وجہ سے علاقے سے نقل مکانی دشوار ہوگئی ہے۔اسرائیلی فوج اور اس کے اسنائپرز محفوظ مقامات کی طرف جانے والوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں۔ بمباری کے باعث گرنے والی عمارتوں نے شہر کے کئی راستے بند کردیئے ہیں جس کی وجہ سے شہر سے باہر جانے والے مشکلات کا شکار ہیں۔ حماس نے الزام عائد کیا ہے کہ مغربی میڈیا رفح پر حملے میں جانی نقصان چھپا رہا ہے۔ حماس کے ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ رفح پر حملہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے لیکن امریکہ اور اسرائیل کے اتحادی فلسطینیوں کی نسل کشی پر کھوکھلی بیان بازی کے سوا کچھ نہیں کررہے ہیں۔ حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیمیں اپنے دفاع میں جو کچھ بن پائے گا کریں گی۔ اسرائیل کسی غلط فہمی میں نہ رہے حماس اور مزاحمتی تنظیمیں نہ صرف غزہ بلکہ مقبوضہ فلسطین میں بھی مضبوط ہیں اور کسی بھی وقت کہیں بھی کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہیں۔


































