
غزہ : صیہونی فوج نے ڈرون حملے اور فائرنگ کرکے مزید چار فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ کل سے آج تک شہید کئےگئے افراد کی تعداد دس ہوگئی۔ صیہونی فوج نے آج بھی خان یونس کے مضافات میں ڈرون حملے کئے جس میں ایک خاتون سمیت تین فلسطینی شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ جبکہ گذشتہ روز زخمی ہونیوالا ایک فلسطینی جام شہادت نوش کرگیا۔
ادھر ملبے سے مزید تین لاشیں نکالی گئی ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد بیس ہوگئی۔ غزہ انتظامیہ کے مطابق اسرائیل جنگ بندی کے باجود امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور معاہدے کے تحت امدادی سامان کا صرف چوبیس فیصد حصہ ہی علاقے میں داخل ہونے دیا ہے۔ اب تک بتیس سو ٹرک غزہ پہنچے، جو یومیہ ایک سو پینتالیس بنتے ہیں۔ جبکہ معاہدے میں یومیہ چھ سو ٹرکوں کی منظوری دی گئی تھی۔
ادھر حماس نے امریکا کی جانب سے امدادی ٹرک لوٹنے کا الزام مسترد کردیا اور کہا کہ من گھڑت الزام کا مقصد فلسطینی پولیس فورس کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔


































