
تہران: امریکہ، اسرائیل اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اصفہان میں فیکٹری پر حملے میں پندرہ افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔
جبکہ ایران کے میزائل حملوں سے تل ابیب میں تباہی مچ گئی۔ وسطی اصفہان میں متعدد مقامات پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ فیکٹری پر میزائل لگنے سے کم از کم پندرہ ملازمین شہید ہوئے۔ شہدا کی مجموعی تعداد چودہ سو چوالیس ہوگئی ہے۔
امریکی واسرائیلی حملوں میں ایران میں تینتالیس ہزار عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ اسرائیل نے دارالحکومت تہران ۔ تبریز اور شیراز میں بھی فضائی حملے کئے۔ ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا۔ تل ابیب ۔ حیفا اور ہولون شہر میں میزائل گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور جگہ جگہ آگ بھڑک اٹھی۔
سعودی عرب میں الخرج بیس پر میزائلوں سے حملہ کیا جہاں ایف 35 اور ایف سولہ لڑاک طیاروں کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا۔ کویت میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ریڈار سسٹم پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ بغداد ائیرپورٹ کمپلیکس میں ایک فوجی اڈہ ڈرون حملے کا نشانہ بنا۔ جبکہ اربیل میں ڈرون حملے کے بعد آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی۔ یو اے ای کی فجیرہ پورٹ پر ڈرون حملے کے بعد کچھ آئل لوڈنگ آپریشنز معطل کرنا پڑ گئے۔


































