
ڈاکٹر علامہ اقبال(رح) کا 143 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان ، کور کمانڈر لاہورلیفٹینیٹ جنرل ماجد احسان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی. پاک نیوی کے دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ ذمہ داری پاک رینجرز کے پاس تھی۔ پیدائش اقبال کے حوالہ سے ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، مباحثوں اور اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوئی، ریڈیو، ٹی وی پرخصوصی پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ ہو رہے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے علامہ محمد اقبال(رح) کی سالگرہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے محسن تھے، جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا، وہ بڑے مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کےذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا، انہوں نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔


































